منگلورو ،6/ اپریل (ایس او نیوز) بپنّاڈو درگا پرمیشوری مندر کے تہوار کے موقع پر رتھ کے راستے میں سڑک کنارے پارک کی گئی موٹر گاڑیوں کو بھکتوں نے اپنے تشدد کا نشانہ بنایا اور کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا ۔
سوشیل میڈیا پر وائرل ہوئے ویڈیو کلپ میں بھکتوں کو کار سمیت دیگر موٹر گاڑیوں کو سڑک کنارے سے الٹ کر دور دھکیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ مندر کے تہوار میں شرکت کے لئے آئے ہوئے کچھ بھکتوں نے اپنی دو پہیہ ، تین پہیہ اور چار پہیہ گاڑیاں اس سڑک کے کنارے کھڑی کی تھیں جہاں سے مندر کا رتھ گزرنے والا تھا ۔ رتھ کے جلوس میں شامل کچھ بھکتوں نے ان گاڑیوں کو اپنی راہ میں رکاوٹ مانتے ہوئے یکے بعد دیگرے گاڑیوں کو دھکا دینا اور الٹنا شروع کیا جس کی وجہ سے آٹو رکشہ، موٹر سائیکل اور کار جیسی کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔
اس معاملے پر مولکی پولیس انسپکٹر ودیا دھر ڈی کا کہنا ہے کہ جس راستے سے رتھ گزرنا تھا وہاں موٹر گاڑیاں پارک کی گئی تھیں، ان گاڑیوں کو ہٹانے کے لئے مائک پر آوازیں لگانے کے باوجود اسے ہٹانے کے لئے کوئی نہیں پہنچا تو بھکتوں نے ان گاریوں کو ہٹا کر کنارے لگایا تھا ۔ ایک کار اور دو آٹو رکشہ وہاں پر تھے ۔ دو پہیہ گاڑیاں نہیں تھیں ۔ گاڑیوں کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا ہے ۔ گاڑیوں کے مالکوں نے ابھی تک شکایت درج نہیں کروائی ہے ۔ اگر شکایت کریں گے تو اس پر کارروائی ہوگی ۔